ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) شانگلہ شاہ حسن اور خیبر پختونخوانخوا پولیس کی گاڑیوں پر علاقہ دوہ خواڑو شیکولی موڑ حدود تھانہ چوگا میں ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکا کیا گیا۔ ڈی پی او سمیت تمام پولیس اہلکار دھماکے میں محفوظ رہے تاہم دھماکے سے اسپیشل برانچ کے ایک اہلکار کی نجی گاڑی کو نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میں ڈی پی او شاہ حسن ایک چیک پوسٹ پر ہونے والےدہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے جارہے تھے۔
حکام کے مطابق ہفتے کی شب دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شیکولی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
چیک پوسٹ پر سات سے نو پولیس اہلکار تعینات تھے جنھوں نے موثر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو علاقے سے بھاگنے پر مجبور کیا۔ تاہم، انہوں نے مزید کہا کہ بھاری فائرنگ سے چیک پوسٹ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ رات کے وقت تقریبا چار گھنٹے تک جاری رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے دوران مدد کے لئے الوچ پولیس اسٹیشن سے پولیس کی ایک نفری بھی روانہ کی گئی تھی۔ جس کے بعد حملہ آور بالآخر قریبی پہاڑوں میں فرار ہوگئے اور ان کا سراغ لگانے کے لئے پولیس کی ایک ٹیم آس پاس کے علاقے میں بھیجی گئی۔
شانگلہ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد مقامی لوگ بھی پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تھانے پہنچے۔





