چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکا کی کانگریس کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت جیک برگ مین نے کی، وفد میں تھامس سوزی اور جوناتھن جیکسن بھی شامل تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور امریگی کانگریس کے وفد کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، علاقائی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی، آرمی چیف اور کانگریس وفد نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور یکساں اسٹریٹجک مفادات کی بنیاد پر پائیدار روابط کے تسلسل پر زور دیا ۔
امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کلیدی کردار کی بھرپور تعریف کی اور خطے میں قیامِ امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہا، وفد نے پاکستان کے عوام کے عزم اور ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کو بھی سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔
امریکی کانگریس وفد نے پاکستان کی خودمختاری کےاحترام پرزور دیا، سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امریکی وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ، سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ طویل المدتی، بامعنی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں، افغان حکومت ان کو لگام ڈالے، وزیراعطم شہبازشریف
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے اختتام پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے میدان میں شراکت داری کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔





