وزیراعظم شہبازشریف نے دہشتگردی پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں، عبوری افغان حکومت کو مشورہ ہے کہ فوری طورپردہشتگردتنظیموں کولگام ڈالے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے کارروائیاں کر رہی ہیں جن کے نتیجے میں پاکستان کے بے گناہ شہری شہید ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ افغانستان کو فوری طور پر ان دہشتگرد تنظیموں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ عوام، افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمسائیگی اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہے، مگر یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے ہمسایے کے ساتھ پر امن رہنا ہے یا تنازعات کے ساتھ رہنا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف دورہ بیلا روس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس کا حالیہ دورہ پاکستان کے لیے بے حد مفید ثابت ہوا ہے جس سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس کی زرعی مہارت سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اپنی زرعی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کر سکتا ہے، جبکہ معدنیات کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پبی میں ایکسائز انٹیلیجنس بیورو کے سکواڈ پر حملہ، 2 اہلکار شہید ، ایک زخمی
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ بیلاروس کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت ڈیڑھ لاکھ پاکستانی ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دیے جائیں گے، اور یہ تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ وہ نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہیں، اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔





