پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے ہرا دیا۔
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 220 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا, ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 16 اعشاریہ 2 اوورز 140 رنز پر آؤٹ ہوگئی، رائیلی روسو44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ اوپنر محمد نعیم صرف 10 رنز بنا سکے، تاہم عبداللہ شفیق نے 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 67 رنز اسکور کیے، جن میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
مڈل آرڈر میں ڈیرل مچل نے 37 رنز بنائے، جبکہ سکندر رضا 6 اور کپتان شاہین آفریدی 3 رنز پر پویلین لوٹے۔ وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے آخر میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 19 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے اور ٹیم کے مجموعی سکور کو 219 تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 4وکٹوں سے ہرا دیا
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔





