لوئر مہمند میں افیون کی کاشت کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری

ضلع مہمند ، ڈپٹی کمشنر مہمند کی ہدایات پر اور اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند جناب اویس خان کی زیر نگرانی، لوئر مہمند سب ڈویژن کی چاروں تحصیلوں یکہ غونڈ، امبار، پنڈیالی اور پڑانگ غار — میں افیون کی کاشت کے خلاف مؤثر انسدادی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

اس مہم میں ضلعی ریونیو عملے، تحصیلداروں، محرران اور پولیس اہلکاروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے مربوط کارروائیاں کیں۔ حکومتی کوششوں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب تینوں تحصیلوں کے قبائلی عمائدین نے نہ صرف حکومتی اقدامات کی مکمل تائید کی بلکہ ہر سطح پر بلا مشروط تعاون فراہم کیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک اس مہم کے دوران 123 کنال اراضی پر کاشت کی گئی افیون کی فصل مکمل طور پر تلف کر دی گئی ہے، جو انسداد منشیات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت اور انتظامیہ کی مؤثر نگرانی کا مظہر ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر اویس خان نے اس موقع پر کہا کہ منشیات کی کاشت نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے بھی خطرناک ہے۔ ہم تمام متعلقہ اداروں اور مقامی لوگوں کے تعاون سے اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت نے مہمند ڈیم واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دے دی

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ افیون سمیت کسی بھی قسم کی منشیات کی کاشت یا ترسیل ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top