مارک زکربرگ نے انسٹاگرام خریدنے کی اصل وجہ بتا دی

واشنگٹن: میٹا (سابقہ فیس بک) کے سی ای او مارک زکربرگ نے انسٹاگرام کی خریداری سے متعلق اصل وجہ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نئی کیمرہ ایپ بنانا مشکل تھا، اس لیے انسٹاگرام کو خریدنے کا فیصلہ کیا۔

یو ایس اینٹی ٹرسٹ کیس کی حالیہ سماعت کے دوران مارک زکربرگ نے بیان دیا کہ اُنہوں نے ایک تجزیہ کروایا تھا کہ آیا ایک نئی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ خود بنانا زیادہ فائدہ مند ہوگا یا پھر پہلے سے موجود کسی کامیاب ایپ کو خریدنا بہتر رہے گا۔ اس تجزیے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ انسٹاگرام ایک کامیاب اور مؤثر پلیٹ فارم ہے، اس لیے اسے خریدنا ہی بہتر انتخاب تھا۔

مارک زکربرگ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اُن کی کمپنی نے متعدد مواقع پر نئی ایپس بنانے کی کوشش کی، مگر ان میں سے بیشتر ناکام رہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی کمپنی کی تاریخ میں درجنوں ایپس بنانے کی کوشش کی، لیکن اُن میں سے زیادہ تر کامیاب نہیں ہو سکیں۔

ان کا یہ بیان اینٹی ٹرسٹ کیس کے دوران میٹا کی مسابقتی پالیسیوں کے جائزے کے سلسلے میں سامنے آیا ہے، جہاں عدالت میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ بڑی ٹیک کمپنیز چھوٹی مگر کامیاب حریف ایپس کو خرید کر مارکیٹ پر اجارہ داری قائم کر رہی ہیں یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں میٹا کی فیس بک پر نئے فیچر کا آغاز: لائیو ویڈیوز کے لیے 30 دن کی مدت

انسٹاگرام کو میٹا نے 2012 میں ایک ارب ڈالر میں خریدا تھا، اور آج یہ دنیا کی مقبول ترین سوشل میڈیا ایپس میں شمار ہوتی ہے۔

Scroll to Top