پی ٹی آئی میں جتنے لوگ ہیں اتنی پارٹیاں بن چکیں، خواجہ آصف

لندن: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں جتنے لوگ ہیں اتنی ہی پارٹیاں بن چکی ہیں۔

خواجہ آصف یہ بات مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان کی بڑی تعداد نورا ہو چکی ہے، اور اب بانی پی ٹی آئی کو اپنی حمایت میں نئے بندے ڈھونڈنے پڑیں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگر معافی بھی مانگے تو اقتدار اس کے حوالے نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اس نے ریاست کے خلاف جرائم کیے ہیں اور اب اسے اپنے جرائم کی سزا بھگتنا ہوگی۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے، جس طرح انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی تصویریں چلائیں، آج ان کی تصاویر خود چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ ڈالا اور اب ان کی حقیقت سامنے آچکی ہے۔

وزیر دفاع نے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے کنونشنز مختلف ممالک میں ہونے چاہیے تاکہ ان کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ مارچ میں ترسیلات زر کا ریکارڈ ٹوٹا اور 4 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات آئیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جو لوگ پیسے نہ بھیجنے کی باتیں کرتے تھے، انہیں اب اپنی حقیقت کا اندازہ ہوگیا ہے۔

نواز شریف کی صحت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ ان کا علاج جاری ہے اور لندن آنے کا مقصد صرف علاج کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی روزانہ کی میڈیکل اپوائنٹمنٹس ہیں اور ان سے ملاقات میں ذاتی نوعیت کی باتیں بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی وزیر خواجہ آصف نے عوام کو بجٹ میں مزید خوشخبریوں کی نوید سنادی

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں ہائبرڈ ماڈل ہے، جہاں سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی مشترکہ کوششوں سے ملک کو آگے لے جانا ہے۔

بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کا حل بندوق کے زور پر نہیں بلکہ سیاسی سطح پر تلاش کرنا ہوگا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اگر بی ایل اے پاکستانیوں کو مارے گی تو اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

Scroll to Top