حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کا وفاقی بجٹ عیدالاضحیٰ سے قبل پیش کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس قبل از وقت بلانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ عید کی تعطیلات سے قبل بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق نیا بجٹ تین سے پانچ جون کے دوران پیش کیے جانے کا امکان ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بجٹ عید سے دو یا تین روز پہلے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ کی منظوری کا عمل عید کی چھٹیوں کے فوراً بعد شروع کر دیا جائے گا۔ اس دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر مشاورت بھی کی جائے گی۔ آئی ایم ایف کا مشن 14 مئی کو پاکستان پہنچے گا، جو بجٹ تجاویز، سالانہ ٹیکس ریونیو، ترقیاتی بجٹ اور دیگر اہم اہداف پر مشاورت کرے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔ ان اداروں کی اسپرنگ میٹنگز 21 سے 26 اپریل تک جاری رہیں گی، جہاں پاکستان کی اقتصادی صورتحال اور آئندہ مالیاتی حکمت عملی پر اہم بات چیت متوقع ہے۔