پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات، شیر افضل مروت نے اہم انکشافات کر دیئے

علیمہ خان پارٹی سوشل میڈیا کی اصل کنٹرولر؟ شیرافضل مروت کا دعویٰ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت نے علیمہ خان پر پارٹی کے اندر مداخلت اور سوشل میڈیا کنٹرول کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

سماء نیوز پروگرام میرے سوال ابصار عالم کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کا پارٹی قائدین کے ساتھ رویہ ہتک آمیز ہے۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کی ایما پر حیدر مہدی اور عادل راجا سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ علیمہ خان پارٹی کے اندر گروپ بندی کروا رہی ہیں اور یوٹیوبرز کے ذریعے مخالفین کے خلاف بیانیہ بنوا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں رہنے کے لیے یا علیمہ خان یا بشریٰ بی بی کے گروپ کا حصہ بننا ضروری ہو چکا ہے، جبکہ وہ کسی بھی گروہ کا حصہ نہیں بنے۔ شیرافضل کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ایک موقع پر ہدایت دی تھی کہ علیمہ خان کے فون نہ سنے جائیں اور ان کے نمبرز بلاک کر دیے جائیں۔

شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ پارٹی سے انہیں نکالنے میں بھی علیمہ خان کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب خاموش نہیں رہیں گے اور تمام حقائق سامنے لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں شیر افضل مروت نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو تباہی کے دہانے پر لانے والوں کو بے نقاب کریں گے۔

مروت کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اقربا پروری اور گروپنگ نے میرٹ کا جنازہ نکال دیا ہے، جبکہ اصل قیادت صرف بانی پی ٹی آئی ہیں، ان کے رشتہ دار نہیں۔

Scroll to Top