پشاور: ایل آر ایچ کے بولٹن بلاک کی بحالی کی تقریب میں بورڈ آف گورنرز کی شرکت

پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کی تاریخی عمارت بولٹن بلاک کا نئے سرے سے افتتاح کر دیا گیا۔

افتتاح کی تقریب میں چیرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر نوشیروان خان برکی اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔

بولٹن بلاک نہ صرف ایل آر ایچ بلکہ پورے صوبے کا ایک تاریخی اثاثہ ہے جسے بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ کیا گیا ہے۔ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابرار خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس عمارت کو مزید طویل عرصے تک محفوظ رکھنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

سال 2026 میں بولٹن بلاک کے 100 سال مکمل ہو جائیں گے، اور اس کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کی جا رہی ہے۔

بولٹن بلاک میں اب پرائیویٹ مریضوں کو داخل کیا جائے گا اور ان کے لیے جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر ابرار خان نے کہا کہ یہ بلاک تاریخی لحاظ سے ایک امانت ہے اور اسے محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اس کی بحالی کے بعد، یہ بلاک ایل آر ایچ کی خدمات میں مزید بہتری لانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

Scroll to Top