پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، اور حالیہ ملاقاتوں کے مثبت نتائج پر گفتگو کی گئی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے دورہ کابل کے دوران پرتکلف مہمان نوازی پر افغان قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ ملاقاتوں کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ طے شدہ فیصلوں پر تیز رفتار عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، امیر خان متقی نے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی تعاون، سرحدی روابط اور علاقائی استحکام کے لیے باہمی ہم آہنگی اور شفاف رابطے ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا دورہ کابل، افغان وزیراعظم اور ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
یہ رابطہ اسحاق ڈار کے گزشتہ روز کابل کے اہم دورے کے تسلسل میں ہوا جہاں انہوں نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند زاد اور افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ملاقات کی، عوامی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔