جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ میں بچے شہید ہو رہے ہیں یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔
اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان امریکا کو آڑے ہاتھوں لے لیا کہا امریکا غزہ میں بربریت ڈھانے والے اسرائیل کی کھلم کھلا پشت پناہی کر رہا ہے، جو اسرائیل سے دوستی کرے گا، وہ عبرت ناک انجام سے دوچار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پورے فلسطین کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے، سامراجی قوتوں نے سازش کے تحت اسرائیل کو فلسطین پر جبراً مسلط کی، انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن بھی اس اہم مسئلے پر کچھ نہیں کر رہی۔
امیر جماعت اسلامی نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ جس طرح مفادات کے لیے پی ٹی آئی اور ن لیگ کا اتحاد ہوجاتا ہے، اسی طرح اسرائیل اور کشمیر کے معاملے پر بھی متحد ہوں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ26 اپریل کو مکمل ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، ہم ہڑتال اور بائیکاٹ کا جہاد کریں گے، انہوں نے حماس کو فلسطین کی نمائندہ جمہوری قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز خٹک نے حلقے کے عوام کو کھری کھری سنا دیں ”آپ نے جس کو ووٹ دیا، اب اُسی سے امید رکھیں“
اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والے غزہ مارچ میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مارچ کے شرکا نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی اور عالم اسلام سے اتحاد کا مطالبہ کیا۔





