پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں نئی تنظیم سازی کے لیے طریقہ کار اور گائیڈ لائنز جاری
تفصیلات کے مطابق پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 9 مئی کے واقعات اور گزشتہ عام انتخابات کے دوران فعال رہنے والے کارکنان کو ضلعی تنظیموں میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد غیر فعال رہنے والے کارکنان اور سرکاری عہدوں پر فائز افراد کو پارٹی تنظیموں میں شامل نہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
تحریک انصاف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صرف وہ کارکنان اور رہنما تنظیموں کا حصہ بنیں گے جو فعال اور بے داغ ریکارڈ رکھتے ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق، تنظیم سازی کے عمل میں پینلز کی تشکیل کی جائے گی، جنہیں ریجنل صدور اور جنرل سیکرٹریز ضلعی سطح پر تیار کریں گے۔
پارٹی کے مطابق، تنظیموں میں نااہل، غیر فعال، یا متنازع رہنما شامل نہیں ہوں گے۔مزید برآں، ریجن کے عہدیداروں کی تقرری 29 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ضلعی عہدیداروں کی تقرری 9 مئی تک اور تحصیل عہدیداروں کی تقرری 23 مئی تک مکمل کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئی تنظیموں کی حتمی منظوری کا اختیار صرف پارٹی کے صوبائی صدر کو حاصل ہو گا۔تحریک انصاف کی یہ نئی تنظیم سازی پارٹی کے داخلی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنے اور مستقبل کے انتخابات کے لیے ایک موثر حکمت عملی کی تشکیل کی کوشش ہے۔





