انسٹاگرام پر صارفین کی عمر کی تصدیق اب اے آئی سے ہوگی

میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت اور تحفظ کے لیے جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا اے آئی سسٹم صارف کی اصل عمر کا تعین کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چاہے وہ عمر غلط کیوں نہ بتائے۔

اگر کوئی صارف اپنی عمر 18 سال سے زیادہ ظاہر کرے لیکن اے آئی ٹیکنالوجی اسے کم عمر قرار دے، تو اس کا اکاؤنٹ خودکار طور پر ’ٹین اکاؤنٹ‘ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ یہ مخصوص اکاؤنٹس 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے ستمبر 2024 میں متعارف کرائے گئے تھے اور ان پر مختلف حفاظتی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

میٹا کے مطابق، اگر کسی اکاؤنٹ پر کم عمر ہونے کا شبہ ہوا تو فوری طور پر عمر کی تصدیق کی جائے گی، اور سیکیورٹی سیٹنگز کو اس کے مطابق تبدیل کر دیا جائے گا۔ کمپنی نے تسلیم کیا کہ یہ نظام مکمل طور پر غلطی سے پاک نہیں، تاہم صارفین کو اپنی سیٹنگز ایڈجسٹ کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

میٹا نے واضح کیا کہ اصل عمر کا پتا لگانا آن لائن دنیا میں ایک بڑا چیلنج ہے، مگر کمپنی بچوں اور نوجوانوں کو ان کی عمر کے مطابق محفوظ اور موزوں تجربہ فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں آزمائشی بنیادوں پر متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں بھی توسیع دی جائے گی۔

Scroll to Top