پی ایس ایل10،ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے ہرا دیا

ملتان: پاکستان سپر لیگ 2025 کے 10ویں ایڈیشن کے 12 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کیا۔ یاسر خان نے 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جب کہ افتخار احمد نے 40 اور عثمان خان نے 39 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے رشاد حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سکندر رضا، شاہین شاہ آفریدی اور آصف آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز ہی بنا سکی۔ سکندر رضا 50، سیم بلنگز 43 اور فخر زمان 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کے بولرز نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔ عبید شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسامہ میر اور بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں ملتان سلطانز کا لاہور قلندرزکو جیت کے لئے بڑا ہدف

یہ جیت ملتان سلطانز کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے، تاہم چار میچز کھیلنے کے بعد ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تاحال آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

میچ کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، اسی لیے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، اور خوشی ہے کہ ٹیم نے اچھا اسکور کیا۔

Scroll to Top