کیلیفورنیا: میٹا نے انسٹاگرام پر صارفین کی اصل عمر جانچنے کے لیے مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ان صارفین کی بھی درست عمر کا اندازہ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے جو اپنی پروفائل پر غلط معلومات فراہم کرتے ہیں۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ کے مطابق اگر کوئی صارف اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی کرتا ہے تو یہ نیا AI سسٹم اس کی حقیقی عمر کا تجزیہ کرے گا، اور اگر وہ 18 سال سے کم عمر پایا گیا تو اسے خودکار طور پر ٹین اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا جائے گا۔
ٹین اکاؤنٹس کا یہ سیٹ اپ ستمبر 2024 میں متعارف کرایا گیا تھا، جو خاص طور پر 13 سے 17 سال کی عمر کے نوجوان صارفین کے لیے ہے۔ ان اکاؤنٹس پر مخصوص پابندیاں اور تحفظاتی فیچرز لاگو کیے گئے ہیں تاکہ کم عمر صارفین کو ممکنہ آن لائن خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
میٹا کے مطابق اگر کسی اکاؤنٹ پر عمر سے متعلق شک ہو تو فوری طور پر اس کی تصدیق کی جائے گی، اور تصدیق کے بعد اگر صارف کم عمر پایا گیا تو اس کے اکاؤنٹ کو محدود سیٹنگز والے ماحول میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اس عمل کا مقصد نوجوانوں کو غیر ضروری یا ممکنہ طور پر نقصان دہ مواد سے بچانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بیجنگ ہاف میراتھن میں روبوٹس کی دوڑ، رفتار میں پیچھے، ٹیکنالوجی میں آگے
کمپنی نے تسلیم کیا ہے کہ یہ نظام مکمل طور پر غلطیوں سے پاک نہیں، تاہم صارفین کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی سیٹنگز کو بعد ازاں حسبِ ضرورت ایڈجسٹ کر سکیں۔
میٹا کے مطابق، کمپنی کچھ عرصے سے AI پر مبنی عمر کی تصدیق کا نظام استعمال کر رہی ہے، لیکن اب اس میں جدید بہتریاں کی گئی ہیں تاکہ اس عمل کو زیادہ موثر اور درست بنایا جا سکے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر صارفین کی اصل عمر کا تعین ایک بڑا چیلنج ہے، اور کمپنی مسلسل ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے نوجوانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور ان کے لیے ایک محفوظ اور موزوں ڈیجیٹل تجربہ فراہم کیا جا سکے۔





