پاکستان سپر لیگ 10 کے پہلے مرحلے کے اختتام پر کراچی کنگز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شاندار فتح حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
کراچی کنگز نے اب تک کھیلے گئے میچز میں 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، اور ٹیم بھرپور فارم میں نظر آ رہی ہے۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ناقابل شکست انداز میں اب تک مسلسل پانچ میچز جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل کے سرفہرست مقام پر براجمان ہے۔ ان کی کارکردگی نے لیگ میں دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
دو مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں، جن میں دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس طرح وہ 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
پشاور زلمی نے 4 میچز میں سے صرف ایک جیتا ہے اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی 3 میچز میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کی ہے اور پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار فتح، ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست
ملتان سلطانز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے، چھٹے نمبر پر ہے۔ انہوں نے 5 میچز کھیل کر صرف ایک جیت حاصل کی ہے، جس کے باعث ان کی پوزیشن کمزور دکھائی دے رہی ہے۔
پی ایس ایل 10 کا مقابلہ اب مزید دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ہر ٹیم اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ شائقین کرکٹ کو اگلے میچز میں مزید سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔