لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پاور پلے کے دوران ہی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان 10، سیم بلنگز 9، آصف علی 5، ڈیرل مچل 2 اور عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ایسے مشکل وقت میں آل راؤنڈر سکندر رضا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو سنبھالا۔ انہوں نے شاہین آفریدی (16)، رشید حسین (13) اور حارث رؤف (10) کے ساتھ مل کر اسکور کو 100 کے پار پہنچایا۔ بعد ازاں آصف آفریدی کے ساتھ 9ویں وکٹ پر 25 رنز کی اہم شراکت داری نے لاہور کو 129 رنز کے قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچایا۔
جواب میں پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 56 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت بھی 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حارث نے 20 رنز بنائے، صائم ایوب 2 رنز پر آؤٹ ہوئے اور ٹام کوہلر کیڈمور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10 میں کونسی ٹیم کس پوزیشن پر ہے
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے دوران لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، جبکہ پشاور زلمی بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اتری۔