لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں ایک بار پھر تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے ریفارمز کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی آئندہ چند روز میں موجودہ ڈومیسٹک اسٹرکچر کا جائزہ لے کر تجاویز پیش کرے گی۔ ریفارمز کمیٹی میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، سابق کرکٹر اور کوچ عاقب جاوید، اور ڈائریکٹر چیمپئنز ایونٹ وہاب ریاض شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایڈوائزر ٹو چیئرمین بلال افضل اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر خواجہ ندیم بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانچ روز کے اندر اپنی سفارشات چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو پیش کرے۔ متوقع طور پر یہ تجاویز ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری، ٹیلنٹ کی نچلی سطح سے شناخت اور کھلاڑیوں کی بہتر نشوونما پر مرکوز ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10،پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو7وکٹوں سے ہرا دیا
یاد رہے کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر حالیہ برسوں میں متعدد بار تبدیل ہو چکا ہے، تاہم مستقل بنیادوں پر کارگر ماڈل تاحال رائج نہیں ہو سکا۔





