بھارت اپنی جارحیت سے باز نہ آ سکا، لیپہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی۔
پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور دندان شکن جواب دیا، بھاری ہتھیاروں کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور دشمن کی گنیں مکمل طور پر خاموش کرا دیں۔
پہلگام واقعے کا جھوٹ بے نقاب ہونے کے بعد بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اپنی خفت مٹانے کے لیے بھارت نے نہ صرف پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے بلکہ ایل او سی پر بھی اشتعال انگیزی تیز کردی ہے۔
گزشتہ روز بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی، تاہم پاک فوج کے جوانوں نے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید
بھارتی وزراء خود بھی اپنی سیکیورٹی کی ناکامی کا اعتراف کرچکے ہیں جس کے بعد بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کو ایک ناکام کوشش قرار دیا جا رہا ہے تاکہ اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔





