بھارتی اشتعال انگیزی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر عالمی برادری پاکستان کی حمایت میں سرگرم ہو گئی ہے۔
سعودی عرب، ترکیہ، ایران، مصر، آذربائیجان اور دیگر ممالک نے فوری سفارتی رابطے شروع کر دیے ہیں جبکہ چین نے واضح طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کردیا۔
پاک بھارت کشیدگی میں اضافے کے بعد چین نے سفارتی سطح پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد چینی سفیر نے ہنگامی طور پر دفتر خارجہ کا دورہ کیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارتی الزامات پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف پیش کیا۔ چینی سفیر نے ملاقات میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن سفارتی اور سیاسی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے بھی اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور بھارتی الزامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف سے مکمل آگاہی حاصل کی۔
آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے بھی اسحاق ڈار کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں نئی دہلی کے جھوٹے پراپیگنڈے پر خبردار کیا گیا اور تنازع کشمیر پر مسلسل حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کی سکھ کمیونٹی کا دو ٹوک موقف
ایرانی وزیر خارجہ نے بھی اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کے وزرائے خارجہ سے بھی الگ الگ رابطے کیے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام لانے کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔





