پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود آج بھی کرتارپور راہداری معمول کے مطابق کھلی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود کرتارپور راہداری آج بھی معمول کے مطابق کھلی ہے، جہاں ہزاروں یاتری عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ دربار انتظامیہ کے مطابق، یاتری کرتارپور راہداری کے ذریعے دربار پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ گورو دوارہ کے درشن کر کے عبادات میں مصروف ہیں۔
اتریوں نے اس راہداری کو اپنی 70 سالوں کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا، اور کہا کہ وہ خوش ہیں کہ موجودہ حالات کے باوجود راہداری کھلی ہے اور انہیں مذہبی رسومات ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
یاتریوں کا کہنا ہے کہ یہاں کے انتظامات اور صفائی بہترین ہیں، اور انہیں یہاں آ کر روحانی سکون ملتا ہے۔ ایک یاتری نے کہا کہ “موجودہ حالات میں بھی کرتارپور راہداری کھلی رہنی چاہیے، کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔”
یاتریوں کی آمد کا سلسلہ سہ پہر تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور دربار کے انتظامات مکمل طور پر فعال ہیں تاکہ یاتریوں کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
کرتارپور راہداری کی کھلی رہنا دونوں ممالک کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کی ایک اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو دونوں قوموں کے درمیان امن و بھائی چارے کی اُمید بڑھاتا ہے۔





