خطرے کی گھنٹی! بھارت کی جانب سے فوجی اقدام کا خدشہ، وفاقی وزیر عطا تارڑ کی وارننگ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 24 سے 36 گھنٹے نہایت حساس ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مستند اطلاعات کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم بھارت کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی پر پاکستان کی جانب سے یقینی اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن بھارت کا مدعی، منصف اور جلاد بننے کا طرز عمل ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی اور عدم استحکام کا سبب بنیں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو اس کے نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے، پاکستان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر حملے کی کوشش کی، تو اس کا نتیجہ ہرگز اچھا نہیں نکلے گا۔

Scroll to Top