امریکا نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں اور موجودہ صورتحال کا سفارتی و ذمہ دارانہ حل تلاش کریں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’امریکا اس معاملے پر دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطے کرے گا تاکہ مسئلے کا پرامن حل نکالا جا سکے۔ دنیا اس وقت پاکستان اور بھارت کی صورتحال کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے‘‘۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اس حوالے سے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جلد پاکستان اور بھارت کے حکام سے براہ راست رابطہ کرے گا اور دونوں ممالک پر زور دے گا کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن چاہتا ہے کہ فریقین تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کریں تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی امریکی محکمہ خارجہ نے اسی نوعیت کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور چاہتا ہے کہ پہلگام واقعے کا ذمہ دارانہ اور شفاف حل تلاش کیا جائے۔
امریکا کی جانب سے یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور خطے میں ممکنہ خطرات کی گھنٹی بج چکی ہے۔





