خیبر پختونخوا سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی جاری، 631 افغان باشندے طورخم کے ذریعے روانہ ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں سمیت تارکین وطن کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق گزشتہ روز 631 افغان سیٹزن کارڈ کے حامل افراد کو طورخم کے راستے افغانستان واپس بھجوایا گیا۔ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اب تک طورخم کے ذریعے ایک ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے، جب کہ دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 50 ہزار سے زائد افراد کی واپسی مکمل ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کی وطن واپسی کے اس عمل کا آغاز ستمبر 2023 میں ہوا تھا۔ اس وقت سے لے کر اب تک خیبر پختونخوا سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 27 ہزار سے زائد افغان باشندے واپس افغانستان جا چکے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدام سکیورٹی، قانون نافذ کرنے اور ملکی مفادات کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ ملک میں غیر قانونی قیام کے رجحان پر قابو پایا جا سکے اور صرف قانونی طریقہ کار کے تحت داخلے اور قیام کی اجازت دی جائے۔
خیال رہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں بغیر قانونی دستاویزات مقیم افراد کی نشاندہی، گرفتاری اور واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔





