خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈے کا پول کھل گیا، فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا خود بھارتی جنرل نے پھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کا پردہ فاش اب خود بھارت کے ہی اعلیٰ فوجی افسران کر رہے ہیں، جس سے مودی حکومت کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایک بھارتی جنرل کا حالیہ بیان مودی سرکار کے فاشسٹ نظام کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے اعلیٰ عہدیدار خود اعتراف کر رہے ہیں کہ فالس فلیگ آپریشنز کس طرح اندرونی سازش کے تحت کیے جاتے ہیں، تاکہ پاکستان پر الزام تراشی کی جا سکے۔
مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ بھارت کے سول اور ملٹری افسران ایسے اقدامات کے گواہ بن چکے ہیں، جن کا مقصد خطے میں کشیدگی بڑھانا اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور فالس فلیگ کارروائیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی ان چالاکیوں اور پروپیگنڈہ مہم کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔





