ایل او سی پر غیر معمولی سرگرمیاں، بھارتی فوج نے سرحدی دیہات خالی کرا لیے

ایل او سی پر غیر معمولی سرگرمیاں، بھارتی فوج نے سرحدی دیہات خالی کرا لیے

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت نے خطے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، مودی سرکار کی ہدایت پر بھارتی افواج نے ایل او سی سے متصل تمام سرحدی دیہات خالی کرا لیے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی اور جنگی ماحول میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پہلگام حملے کو جواز بنا کر بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمانوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ گھر گھر تلاشی، نوجوانوں کی گرفتاریوں اور شہری آزادیوں پر پابندیوں نے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی وقت فوجی کارروائی کا آغاز ممکن ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹس میں بھارت کی ممکنہ مہم جوئی کے واضح اشارے ملنے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

دفاعی حکام نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان اس کا فوری، مؤثر اور منہ توڑ جواب دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستانی قوم بھی اس نازک مرحلے پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ مبصرین خبردار کر رہے ہیں کہ مودی حکومت کی اشتعال انگیزی جنوبی ایشیا کے امن کو شدید خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔ عالمی برادری پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اس خطرناک صورت حال کا فوری نوٹس لے تاکہ خطہ کسی بڑے تصادم سے بچایا جا سکے۔

Scroll to Top