رجسٹرار آفس نے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق تحریری رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق اہم تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی، عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل اس سال سماعت کے لیے مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
رپورٹ میں وضاحت کی گئی کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق زیرالتوا کیسز اور اپیلوں کو مرحلہ وار نمٹایا جائے گا۔ اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں 279 اپیلیں زیر التوا ہیں اور اپیلوں کو ان کی باری کے مطابق سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کی 14 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر کی گئی تھی، جو ابھی تک ’’موشن اسٹیج‘‘ پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپیل پر سماعت سے قبل پیپر بکس تیار کیے جائیں گے، اس کے بعد اپیل کو اپنی باری پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔
یہ رپورٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عمران خان کی اپیل کی سماعت اس سال ممکن نہیں، اور یہ کیس آئندہ سال کی ابتدائی تاریخوں میں ہی سنوائی جا سکتی ہے۔





