ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو دو ٹوک پیغام،’’ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں‘‘سوشل میڈیا پر پیغام گونج اٹھا

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو دو ٹوک پیغام،’’ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں‘‘سوشل میڈیا پر پیغام گونج اٹھا

’’ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں‘‘ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو دوٹوک پیغام، سوشل میڈیا پر قوم کی آواز بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے متنازع اور بے نقاب پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان میں نہ صرف ریاستی ادارے متحرک ہوئے بلکہ عوام اور مسلح افواج کے درمیان بے مثال اتحاد بھی دیکھنے میں آیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس نے بھارتی بیانیے کو مؤثر انداز میں چیلنج کیا۔ ان کا ایک جملہ “ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں… 2019ء میں ہم نے یہی بتایا تھا‘‘دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر پاکستان کے قومی عزم کی علامت بن گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو کبھی محاذ آرائی کا آغاز نہیں کرتی، تاہم اگر دشمن جارحیت کو واحد راستہ سمجھتا ہے تو پاکستان پوری تیاری کے ساتھ ہر سطح پر ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا،’’اگر بھارت فوجی تصادم کا راستہ چنتا ہے تو یہ اُس کی چوائس ہوگی، لیکن اس کے بعد کیا ہوگا، یہ پاکستان کی چوائس بن جائے گی۔،،

ڈی جی آئی ایس پی آر کی اس جارحانہ اور دوٹوک پریس کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ان کے جملے’’ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں‘‘ نے ہزاروں پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی اور سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کی صورت اختیار کرلی۔

ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر راتوں رات ’’ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں‘‘کا ہیش ٹیگ وائرل ہو گیا۔ عوام، دفاعی تجزیہ کار، صحافی اور سیاسی شخصیات سب نے اس پیغام کو قومی دفاعی عزم کا ترجمان قرار دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پریس کانفرنس محض ایک عسکری ردعمل نہیں بلکہ ایک واضح سفارتی پیغام بھی تھا کہ پاکستان نہ تو اشتعال انگیزی برداشت کرے گا اور نہ ہی اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ کرے گا۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان نے دنیا کو باور کرایا ہے کہ وہ ہر سطح پر نہ صرف چوکس ہے بلکہ اپنے مؤقف کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں پیش کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔آج ’’ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں‘‘ صرف ایک جملہ نہیں، بلکہ ایک قومی بیانیہ بن چکا ہے جو ہر پاکستانی کی زبان پر ہے۔

Scroll to Top