بیجنگ: معروف چینی تجزیہ کار اور ماہر عالمی امور وکٹر گاؤ نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
نائب صدر سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن وکٹر گاؤ نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی ملک پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو چین پاکستان کے دفاع کے لیے اس کے ساتھ ہوگا اور پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
وکٹر گاؤ نے کہا کہ جب پاکستان میں چینی باشندوں پر حملے ہوئے تھے، تب بھی چین نے اس پر جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور پہلگام حملے کے حوالے سے بھی چین کا یہی مؤقف رہا ہے۔
چینی تجزیہ کار نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم اور حالات میں مضبوط بھائی ہیں اور اس اتحاد پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ چین ہمیشہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار رہے گا جب بھی پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کو کسی بھی ملک سے خطرہ لاحق ہو۔
انہوں نے پاکستان اور بھارت کی ایٹمی طاقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بڑے ملک ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہیں، اور اس وقت یہ انتہائی اہم ہے کہ دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینے کی ترغیب دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت کشیدگی: اسحاق ڈار کا یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ سے رابطہ
وکٹر گاؤ نے اس بات پر زور دیا کہ پہلگام حملے کی جامع اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہیے تاکہ اس واقعے کی حقیقت سامنے آ سکے۔





