9 مئی پھر سے قریب، پی ٹی آئی بتائے کیا تیاری ہے؟ 26 نومبر کے بعد خاموشی کیوں؟ شیر افضل مروت کا سوال

9 مئی پھر سے قریب، پی ٹی آئی بتائے کیا تیاری ہے؟ 26 نومبر کے بعد خاموشی کیوں؟ شیر افضل مروت کا سوال

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنا بیانیہ بھول چکی ہے، 9 مئی قریب ہے مگر کوئی تیاری نظر نہیں آ رہی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پارٹی نہ صرف اپنا بیانیہ بھول چکی ہے بلکہ 9 مئی جیسے اہم موقع سے پہلے بھی کوئی سیاسی سرگرمی یا تیاری دکھائی نہیں دے رہی۔

کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ ملک اس وقت داخلی و خارجی محاذ پر سنگین چیلنجز سے دوچار ہے، جبکہ بھارت کا رویہ بھی نہایت جارحانہ ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایسے وقت میں قومی اتفاق رائے اور سیاسی یکجہتی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات بھلا کر متحد ہونا ہوگا، لیکن افسوس کہ پی ٹی آئی خود اپنی سمت کھو چکی ہے۔’’تحریک انصاف اپنا بیانیہ بھول چکی ہے، 26 نومبر کے بعد پارٹی کوئی جلسہ نہ کر سکی، نہ کوئی جدوجہد دکھائی دے رہی ہے‘‘، شیر افضل مروت کا کہنا تھا۔

انہوں نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں انقلاب کی باتیں کرنے والے امریکا اور کینیڈا میں گھوم رہے ہیں، جبکہ عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے‘‘۔

شیر افضل مروت نے حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ’’حکومت نہ تو پی ٹی آئی کو سنجیدہ لے رہی ہے اور نہ ہی اس کے بانی سے جڑے معاملات پر کوئی توجہ دے رہی ہے۔ بہنوں اور وکلاء کی بانی تحریک انصاف سے ملاقات نہ ہونے دینا ایک خطرناک روایت کی بنیاد ہے‘‘۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 9 مئی کی تاریخ ایک بار پھر قریب ہے، ایسے میں پی ٹی آئی قیادت کو جواب دینا چاہیے کہ اس نے کیا حکمت عملی اپنائی ہے اور کس قسم کی تیاری کی ہے۔

Scroll to Top