صحافت جمہوریت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، خیبرپختونخوا کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور

صحافت جمہوریت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، خیبرپختونخوا کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنےپیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد جمہوریت کی مضبوطی کیلئے آزاد صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد جمہوریت کی مضبوطی کے لیے آزاد صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کی بقا میں آزاد میڈیا کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے صحافی انتہائی مشکل حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جہاں عوام اور سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، وہیں صحافیوں نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے سچائی کا علم بلند رکھا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزادیٔ اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے، اور ان کی حکومت میڈیا کی مثبت تنقید کو اصلاح احوال کے لیے ایک موقع تصور کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا جہاں حکومت کی کمزوریوں کی نشاندہی کرے، وہیں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو بھی اجاگر کرے۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت ہی درحقیقت معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔

آخر میں انہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top