نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہےکہ بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے اور اس جھوٹ بولنے کی وجہ نظر آتی ہے، آج جو پاکستان کے اندر اسلام آباد سے کراچی تک دو درجن مقامات پر جو کام کیے ہیں وہ افسوسناک، شرمناک اور قابل مذمت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے گرائے یہ شاید ان سے ہضم نہیں ہورہا، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 5 طیارے گرائے، بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے یہ حرکتیں کررہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک کہانی بنائی گئی کہ پاکستان نے کل رات پھر بھارت کے اندر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ہم نے آج کی کارروائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی اور ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ہرممکن اسٹریٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاک افواج دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور جس طرح پاک فضائیہ نے 75 سے 80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا، وہ واضح مثال ہے کہ ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 36 گھنٹے پہلے بہت بڑا مقابلہ کیا اور پاکستان کو اللہ نے سرخرو کیا، بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج الرٹ ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہماری افواج نے80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا، بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ہماری افواج اورتمام ادارے مکمل طور پر الرٹ تھے، بھارت نے یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، ہم نے بھارت کے تمام اقدامات کا منہ توڑ جواب دیا۔
ترجمان پاک فوج
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے جھوٹا ڈرامہ رچایا ہواہے کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملے کئے اور ہمارے ایئر ڈیفنس نے روک لئے ، بھارت سن لے جب پاکستان حملہ کرے گا تو یہ نظر بھی آئے اور اس کی گونج سنائی دے گی ، پھر بھارتی میڈیا نہیں بلکہ پوری دنیا بتائے گی کہ پاکستان نے حملہ کیا ہے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ آدم پور سے چار پروجیکٹائل فائر کیئے گئے ، تین پراجیکٹائل امرتسر کے جنرل علاقے میں ٹارگٹ کئے گئے ، ایک پروجیکٹائل نے انٹرنیشنل سرحد پار کیا اور ڈینگا پر اسے گرایا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ آپ کی مسلح افواج چوکس ہیں اور بھارت سے جو بھی چیز آتی ہے ہماری اس پر نظر ہوتی ہے ، جو بھی چیز آرہی ہے اس کی نگرانی کی جارہی ہے اور اسے ختم کیا جارہاہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے میزائل کا ملبہ دکھایا اور بتایا کہ اس کی فرانزک کی جارہی ہے ، اس لیئے اسے پروجیکٹائل کہا جارہاہے ۔تین اس طرح کے پروجیکٹائل بھارت نے دانستہ طور پر اپنے ہی شہر امرتسر پر گرائے ۔
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ بھارت جو جھوٹ بول رہاہے کہ پاکستان نے 15 لوکیشنز پر حملہ کیا ہے ، یہ ایک پکی پکائی کہانی ہے ، اس پر ہنسا جا سکتاہے ، میں اس پر کچھ سوالات کرتاہوں کہ کیا بھارتی حکومت اور اس کی فوج کیا 18 ویں صدی میں زندہ ہے یا 21 ویں صدی میں ؟
انہوں نے کہاکہ 21 صدی میں ہر پروجیکٹائل اپنے نشانات چھوڑتا ہے ، ہر پروجیکٹائل کا ڈیجیٹل سگنیچر ہوتاہے ، وہاں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ جو مرضی کہانی بنا لیں، دوسرا سوال یہ ہے کہ کب بھارتی حکومت فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب داخل ہو گی ، بھارت کا جو فینٹم سٹرائیک کا خیالی پلاؤ ہے ، ہم نے 2016 میں دیکھا جب اڑی ہوا تو اس کے بعد بھی فینٹم سڑائیک ہوئی تھی لیکن حقیقت میں کچھ بھی نہیں ہوا اور دعویٰ کیا گیا کہ سٹرائیک کی گئی ۔ اب وہ کہہ رہے ہیں ہم نے اتنا شاندار دفاع کیا ہے ، ہماری ایئر ڈیفنس نے شاندار دفاع کیا ، پاکستان نے 15 جگہوں پر حملہ کیا ۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ جہاں امرتسر میں بھارت نے اپنے میزائل گرائے وہ دراصل سوکھی ہوئی فصلیں ہیں ، کم از کم حقیقت بنانے کیلئے ان فصلوں میں آگ ہی لگا دیتے ، جو اٹھا کر رکھ دیئے گئے اور تصویریں بنا کر نشر کی جارہیں ۔ اس لیے آپ سینما سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب آئیں گے ، اگر آپ کا اتناہی شاندار ایئر ڈیفنس سسٹم ہے کہ 15 جگہ سے حملہ ہو رہاہے جس کا کوئی سگنیچر نہیں ہے ، ایک ڈرامہ شروع کیا ہواہے ، تو 6 اور 7 کی رات اپنے مرضی کے وقت اور جگہ پر آئے تھے ، آپ نے اپنا پورا ایئر ڈیفنس لگایا ہوا تھا ، آپ کو پتا تھا کہ حملہ کریں گے تو جواب آئے گا تو پھر آپ کے 5 جہاز کیسے گر گئے ؟۔
انہوں نے کہاکہ یہ بھارت کو اچھی طرح معلوم ہے کہ جب پاکستان اپنے وقت اور مقام کے انتخاب سے حملہ کرے گا تو ہمیں یا آپ کو بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں ہے بتانے کی بلکہ پوری دنیا کو پتا چلے گا، پھر وہ بتائیں گے کہ آج حملہ ہو گیاہے ، بار بار چلائیں گے ۔ پاکستان کا حملہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائی دے گی ۔





