پاک بھارت حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے باقی تمام میچز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں، عملے، اور شائقین کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے دبئی کرکٹ بورڈ سے معاملات طے کر لیے ہیں، اور اب بقیہ میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول کیے جائیں گے۔ دبئی کرکٹ حکام نے ایونٹ کی میزبانی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر معمولی سیکیورٹی حالات میں کسی قسم کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں پاک بھارت کشیدگی ،پی ایس ایل کےبقیہ میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ
ہماری ترجیح کھلاڑیوں کی سلامتی اور ایونٹ کا محفوظ انعقاد ہے، دبئی میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر ہیں اور ماضی میں بھی ہم نے کامیاب پی ایس ایل ایڈیشنز وہاں منعقد کیے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے شیڈول میں 6 سے 7 روز کا فرق آ سکتا ہے، تاہم بورڈ کا عزم ہے کہ ایونٹ اسی ماہ مکمل کیا جائے گا۔ پی سی بی نے واضح کیا کہ ایونٹ کو مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔





