پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا سعودی عرب، برطانیہ اور جرمنی سمیت یورپی ممالک نے خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، عادل الجبیر نے بھی اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں امن کے لیے اہم قدم ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے عادل الجبیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں سعودی وزیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی مفاہمت کا خیرمقدم کیا۔
برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بھی جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا، انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لیے مثبت ہے اور کشیدگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں سے اس معاہدے کو برقرار رکھنے کی اپیل کی جاتی ہے کیونکہ کشیدگی کا خاتمہ سب کے مفاد میں ہے۔
جرمنی نے بھی اس جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ جرمن دفتر خارجہ نے اس معاہدے کو کشیدگی سے نکلنے کی سمت میں ایک مثبت آغاز قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور آج ہوگا
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن قائم کرنے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے اور اس سے دیگر مسائل کے حل کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔





