ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق فضائی حدود کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اور تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اپنی فضائی حدود کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ملک کے تمام ایئرپورٹس معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔ ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق فضائی حدود کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اور تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فضائی حدود کی بحالی کے بعد حج پروازوں کا سلسلہ اب شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ تاہم، حالیہ فلائٹ بندش کے باعث مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں جن میں لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2، جبکہ کراچی اور ملتان سے ایک، ایک پرواز شامل ہے۔ان پروازوں کی منسوخی سے 2,290 عازمین حج متاثر ہوئے، جن میں سے 1,277 کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق باقی 1,013 عازمین کو بھی جلد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
اب تک مجموعی طور پر 19,669 پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ وزارت نے تمام حاجیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی حج پروازوں کے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان نے بھارت کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں 450 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 150 سے زائد بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوئیں۔
منسوخ شدہ پروازوں میں دبئی، دوحہ، شارجہ، کوالالمپور، مدینہ منورہ اور ریاض جانے اور آنے والی پروازیں شامل تھیں، جو کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس سے روانہ یا متوقع تھیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی فضائی سلامتی اور عوام کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا تھا، اور صورتحال بہتر ہوتے ہی فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔





