سپریم کورٹ نے سابقہ فاٹا اور پاٹا میں سیلز ٹیکس ترمیمی ایکٹ کو بحال کر دیا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے اس حوالے سے سماعت کی اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے سابقہ فاٹا اور پاٹا میں سیلز ٹیکس ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دے دیا تھا، جس کے بعد گھی اور اسٹیل ملز ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے گھی اور اسٹیل ملز ایسوسی ایشن کی درخواستوں پر حکم امتناع جاری کیا اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سابقہ فاٹا اور پاٹا میں سیلز ٹیکس ترمیمی ایکٹ بحال ہو گیا ہے، جس سے ان علاقوں میں سیلز ٹیکس کی وصولی دوبارہ شروع ہو گی۔





