اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز سے قبل کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے ایک بار پھر لیگ میں شرکت کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطا بق لوک ووڈ، میکس برانٹ، ٹام کوہلر کیڈمور، ڈیوڈ وارنر، نجیب اللہ زدران، میک ڈرموٹ اورکوشال مینڈس لیگ کے بقیہ میچز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اسی طرح کولن منرو، رائلی روسو، سکندر رضا اورسیم بلنگز کا بھی اپنی ٹیموں کو دوبارہ جوائن کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دیگر غیر ملکی کھلاڑی اپنے کرکٹ بورڈز سے این او سی (نان آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے منتظر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کرکٹ بورڈز نے کھلاڑیوں کو ابتدائی طور پر18 مئی تک این او سی جاری کیے تھے، تاہم پی ایس ایل مینجمنٹ کی جانب سے شیڈول میں تبدیلی کے بعد کچھ فرنچائزز ان کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی صورت میں منی ڈرافٹ کے ذریعے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتی ہیں۔
پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچزپاک بھارت کشیدگی کے باعث ایک ہفتے کی تاخیر سے ہوں گے، اور اب ان کا آغاز17 مئی سے راولپنڈی میں ہوگا۔ تمام ٹیمیںآج رات سے اسلام آبادمیں جمع ہونا شروع ہو جائیں گی جبکہ مقامی کھلاڑی بھی اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا شیڈول جاری
یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کے بقیہ آٹھ میچز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جن میں پلے آف اور فائنل بھی شامل ہیں۔ شائقین کرکٹ ان مقابلوں کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔