خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ اسٹروک کا انتباہ جاری

ہیٹ ویو کی شدت برقرار، 20 مئی تک گرمی بڑھنے کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، کئی شہروں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ گیا۔

رحیم یار خان میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، جبکہ پشاور، بہاولپور اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 43، اسلام آباد میں 42، راولپنڈی میں 41، کوئٹہ میں 38 اور کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہیٹ ویو کا موجودہ سلسلہ 20 مئی تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، دھوپ میں کام کرنے والے افراد سر ڈھانپ کر نکلیں اور پانی کا استعمال بڑھا دیں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں جھلسا دینے والی گرمی، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید بھی سنا دی

شدید گرمی کے باعث اسپتالوں میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔

Scroll to Top