وفاقی حکومت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ شہریوں کے لیے 53 کروڑ 20 لاکھ روپے کے امدادی پیکیج کی منظوری دے دی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کی گئی امدادی رقم ان افراد کے ورثاء کو دی جائے گی جو سرحدی کشیدگی کے دوران شہید یا زخمی ہوئے، فنانس ڈویژن نے یہ گرانٹ وزیراعظم پاکستان پیکیج کے تحت بطور ون ٹائم گرانٹ جاری کی ہے۔
حکام کے مطابق یہ امدادی رقم کی ادائیگی 15 مئی 2025 کی تاریخ کے تحت سیز فائر لائن کے متاثرین کو کی جا رہی ہے، سیز فائر لائن انسیڈنٹ ریلیف فنڈ کے تحت یہ رقوم ضلعی سطح پر منتقل کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کا سی ایم ایچ کا دورہ ، زخمی جوانوں اور شہریوں کی عیادت
وفاقی حکومت نے بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر کو ہدایت کی ہے کہ فنڈز کی تقسیم کا مکمل اور تفصیلی بریک اپ فراہم کیا جائے اور متاثرین کو رقم کی فوری، منصفانہ اور شفاف ادائیگی یقینی بنائی جائے۔





