اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مسئلے کا مستقل اور پائیدار حل چاہتا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر بات کرنے سے کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے اور اسے فروغ دینے میں ملوث رہا ہے، اور ہمارے پاس اس حوالے سے بھارتی کردار کے ٹھوس شواہد اور مواد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی قتل کی سازشیں کیں۔
افغان وزیر دفاع کے مبینہ خفیہ بھارتی دورے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان اور بھارت کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی ملک کے دوطرفہ تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتا کیونکہ ہر ریاست کو اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا خود مختار حق حاصل ہے۔ پاکستان بھارت اور افغانستان دونوں کو خود مختار ریاستیں تسلیم کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جب بھی دہشت گردی پر بات ہوگی، پاکستان اپنا مؤقف واضح اور دوٹوک انداز میں پیش کرے گا۔