راولپنڈی: نو روز کے وقفے کے بعد ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 ایک بار پھر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے جا رہی ہے۔
آج (ہفتہ) سے ٹائٹل کی دوڑ کا دوبارہ آغاز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی اور ڈیوڈ وارنر کی زیر قیادت کراچی کنگز کے درمیان اہم مقابلہ کھیلا جائے گا۔
گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم ملتان سلطانز اس بار پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے، جبکہ باقی پانچ ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کو پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے اپنے آئندہ میچز میں فتح لازمی درکار ہے۔
اتوار 18 مئی کو ایونٹ میں ڈبل ہیڈر دن ہوگا، جس میں پہلا میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان سہ پہر 3:30 بجے اور دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 19 مئی کو لیگ کے آخری گروپ میچ میں کراچی کنگز سے ٹکرائے گی۔
پی ایس ایل کے فائنل مراحل، بشمول کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1 اور 2 اور فائنل، 21 سے 25 مئی تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے محمد رضوان 363 رنز کے ساتھ حنیف محمد کیپ کے حقدار ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان (321 رنز) اور فخر زمان (309 رنز) ان کے تعاقب میں ہیں۔ بولنگ میں محمد عباس آفریدی اور جیسن ہولڈر 15،15 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ابرار احمد اور حسن علی نے 14،14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
وکٹ کیپنگ میں پشاور زلمی کے محمد حارث 10 کیچز اور اسٹمپ کے ساتھ سب سے آگے ہیں، جبکہ فیلڈنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائلے روسو 11 کیچز کے ساتھ سب سے نمایاں ہیں۔
ٹکٹ اپڈیٹ:
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق جن شائقین نے 8، 9 اور 10 مئی کے ملتوی شدہ میچز کے ٹکٹ خریدے تھے، وہی ٹکٹ اب 17، 18 اور 19 مئی کے لیے کارآمد ہوں گے۔ 18 مئی کو ڈبل ہیڈر دن کے باعث 9 مئی کا جاری کردہ ٹکٹ دونوں میچز کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔ تمام شام کے میچز کا آغاز 7:30 بجے، جبکہ 18 مئی کے دن میں پہلا میچ 3:30 بجے شروع ہوگا۔
ایلیمینیٹرز اور فائنل کے ٹکٹ بھی نئے شیڈول کے مطابق استعمال کیے جا سکیں گے۔