غزہ میں امن کی راہ ہموار کرنے کیلئے جنگ بندی ناگزیر ہے، سعودی وزیر خارجہ

غزہ میں امن کی راہ ہموار کرنے کیلئے جنگ بندی ناگزیر ہے، سعودی وزیر خارجہ

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے عرب لیگ کے اجلاس میں فلسطینی کاز کے حق میں واضح موقف اپناتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنا ناگزیر ہے تاکہ امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہونی چاہیے اور بیت المقدس ہی فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

عادل الجبیر نے اسرائیلی جرائم کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام پر اسرائیلی کارروائیاں سختی سے مسترد کی جاتی ہیں اور شام میں امن و امان کے قیام کے لیے سعودی عرب مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے شام پر پابندیاں ہٹانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے شام میں تعمیر نو کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

سعودی وزیر مملکت نے سوڈان میں فوری اور مکمل سیز فائر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ثالثی سے سوڈانی فریقین کے درمیان مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی بھی ملک سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم نہیں کر سکتا، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی

یمن میں امن کے قیام اور بحری جہاز رانی کی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ لبنان میں ہتھیار صرف حکومتی اداروں تک محدود کیے جائیں اور سعودی عرب لبنانی حکومت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

Scroll to Top