کوئی بھی ملک سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم نہیں کر سکتا، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی

اسلام آباد: برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے سمیت تمام معاہدوں کی پاسداری کریں۔

یہ بیان بھارت کی جانب سے گزشتہ ماہ یکطرفہ طور پر 1960 کی انڈس واٹرز ٹریٹی کو معطل کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

ہفتے کے روز اسلام آباد میں اپنے دو روزہ دورے کے اختتام پر خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے لیمی نے کہا، “ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے معاہدہ جاتی وعدوں کی پاسداری کریں۔

برطانوی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ برطانیہ اور امریکہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار جنگ بندی اور اعتماد سازی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان مزید کشیدگی نہ بڑھے اور جنگ بندی قائم رہے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ برطانیہ، امریکا اور دیگر ممالک نے ’جنگ بندی‘ میں اہم کردار ادا کیا۔

سفارت کاروں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی اب بھی نازک ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ، پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کام کرتا رہے گا کیونکہ یہ پاکستان، اس کے لوگوں اور یقینی طور پر اس علاقے پر ایک خوفناک داغ ہے۔

Scroll to Top