پاکستان سمیت دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی سروسز 23 مئی کی رات سے متاثر ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں لاکھوں صارفین کو ایپ اور ویب سائٹ کے استعمال میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ مسئلہ اس قدر وسیع ہے کہ امریکہ، برطانیہ، بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کے صارفین نے X تک رسائی میں رکاوٹ کی شکایات رپورٹ کی ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف لاگ اِن نہیں کر پا رہے بلکہ کئی اکاؤنٹس پر نوٹیفکیشنز اور ڈائریکٹ میسجز بھی موصول نہیں ہو رہے۔
کئی صارفین نے X Premium سروسز میں بھی خلل کی شکایت کی ہے، جب کہ کچھ نئے صارفین کو سائن اپ کے دوران مسلسل تکنیکی خامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بین الاقوامی جریدے اکنامکس ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ خلل ایکس کے ڈیٹا سینٹرز میں آنے والی ایک بڑی خرابی کے باعث پیش آیا ہے، جس نے پلیٹ فارم کی بنیادی خدمات کو متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فی تولہ سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
کمپنی کی انجینئرنگ ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل پر کام کر رہی ہے، تاہم ابھی تک سروس کی مکمل بحالی کا وقت نہیں بتایا گیا۔





