پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹین کے فائنل میچ کے موقع پر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاک بحریہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
قذافی سٹیڈیم میں منقدہ تقریب میں بھارت کے خلاف حالیہ جنگی کامیابی پر بحری محافظوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک بحریہ زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر جوانوں کے جذبے کو سلام پیش کیا، ملی نغموں اور پرجوش تقاریر نے سٹیڈیم کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔
پی ایس ایل کے گزشتہ میچوں میں پاک آرمی اور پاک فضائیہ کی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 202 رنز کا ہدف
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ دشمن کے عزائم ناکام بنا کر پاک بحریہ نے ایک بار پھر سمندری دفاع میں اپنی برتری ثابت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ ہر لمحہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے۔