روس میں پل گرنے سے ٹرین تباہ، 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

روس میں پل گرنے سے ٹرین تباہ، 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

روس کے مغربی علاقے بریانسک میں پل گرنے سے ماسکو جانے والی مسافر ٹرین تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔

گورنر الیگزنڈر بوگوماز نے ٹرین حادثے میں سات افراد کی ہلاکت اور 30 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

روس کی وفاقی سڑکوں کی نگران ایجنسی روس آفتودور کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ پل ریل کی پٹڑیوں کے اوپر واقع تھا جہاں سے حادثے کے وقت ٹرین گزر رہی تھی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ پل کسی کی جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی وجہ سے گرا لیکن اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ پل دھماکے سے گرا اور کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ حملہ یا سازش ہو سکتی ہے۔

حادثے کے مقام سے حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں مسافر ٹرین کی بوگیاں ٹوٹی پھوٹی حالت میں دکھائی گئی ہیں جن پر گرے ہوئے پل کا ملبہ بھی موجود ہے۔

بریانسک کے گورنر الیگزنڈر بوگوماز کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور حکومتی اہلکار موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے نے روسی ٹرانسپورٹ نظام کی سلامتی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جب کہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کا خیبرپختونخوا میں کرپشن، اقرباپروری کے خلاف عوامی مہم شروع کرنے کا اعلان

روس میں حالیہ دنوں میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے سیکیورٹی خدشات کو بڑھا دیا ہے۔ حکام اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔

Scroll to Top