الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے خلاف دائر کردہ نااہلی ریفرنس سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے، جس پر باقاعدہ سماعت 4 جون کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے عمر ایوب کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، جس میں انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا تھا۔ ریفرنس ن لیگ کے امیدوار بابر نواز خان کی درخواست پر تیار کیا گیا، جو 2024 کے عام انتخابات میں این اے-18 ہری پور سے عمر ایوب کے مد مقابل تھے۔
ریفرنس آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت دائر کیا گیا ہے، جن کا تعلق عوامی نمائندگان کی دیانتداری، امانت داری اور کردار سے ہے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمر ایوب نے انتخابات کے دوران بعض قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، جس بنیاد پر ان کی رکنیت کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اس ریفرنس پر کارروائی آئندہ ہفتے سے شروع ہونے جا رہی ہے، جس کے بعد ممکنہ طور پر اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔





