صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں بھارت سے سیز فائر کے بعد کی صورتحال اور خطے میں امن و امان کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق، گورنر سلیم حیدر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ غیر ملکی دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی دنیا پاکستان کی جنگی مہارت اور امن پسندی کی معترف ہوچکی ہے، اور سفارتی سطح پر پاکستان کا مؤقف ہی اصل کامیابی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
صدر نے کہا کہ پاکستان نے جنگی میدان میں اس صدی کی نئی تاریخ رقم کی ہے، اور ہماری افواج نے اپنے عزم اور قابلیت سے دنیا کو حیران کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان، چین، ترکیہ اور آذربائجان کے ساتھ دوستی ایک نئے باب میں داخل ہو چکی ہے اور اب سفارتی محاذ پر بھی بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد مشکل میں، فردِ جرم عائد،اہم وجہ سامنے آ گئی
ملاقات میں قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور علاقائی استحکام سے متعلق دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔





