گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے روسی سفیر کے اعزاز میں ظہرانہ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خوریف کے اعزاز میں ایک پُرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں روسی سفیر کے ہمراہ ان کا سفارتی عملہ بھی شریک تھا۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کرم متاثرین کے لیے بروقت امدادی سامان کی فراہمی پر روسی حکومت، عوام اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے امداد اور ہمدردی نہایت قابلِ ستائش ہے اور صوبہ خیبر پختونخوا اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ظہرانے کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر نے روس کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا نے روسی سفیر کو صوبے کی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی چادر، ٹوپی اور ایک سووینئر پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عید کے دوران موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی تفصیلات جاری

روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے پرخلوص مہمان نوازی اور عزت افزائی پر دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کے عوام کے ساتھ محبت، احترام اور دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Scroll to Top